بہاولپور میں نقشِ آگہی کی پُروقار تقریب

بہاول جمخانہ بہاولپور میں "نقشِ آگہی" کی تقریبِ رونمائی اور مصنفہ کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے کی جھلک

بہاولپور میں نقشِ آگہی کی پُروقار تقریب

بہاولپور کی معروف ادیبہ محترمہ شمائلہ سیف اللہ جوئیہ کی تازہ تصنیف نقشِ آگہی کی اشاعت کے موقع پر 5 جولائی 2026 کی شام مصنفہ کے اعزاز میں بہاولپور کی سماجی و ادبی تنظیموں کے زیرِ اہتمام بہاول جمخانہ، بہاولپور میں خواتین کے لیے ایک پُروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ اس باوقار ادبی تقریب میں وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی بہاولپور، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابق رکنِ قومی اسمبلی پروین مسعود بھٹی، سابق رکنِ صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی اور ثمینہ قریشی صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور سمیت شہر بھر کی ممتاز ادیبات، دانش ور خواتین، اساتذہ، مصنفات اور دیگر نمایاں سماجی و ادبی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔محترمہ شمائلہ سیف اللہ جوئیہ نثرنگاری میں جوئیہ برادری کی پہلی صاحبِ کتاب خاتون ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں، جو نہ صرف اُن کی ذاتی علمی و تخلیقی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ پوری برادری، بالخصوص خواتین کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
آپ کی یہ تصنیف علم، شعور اور فکری آگہی کے فروغ کی ایک خوبصورت کاوش ہے۔ نقشِ آگہی نہ صرف ادبی دنیا میں ایک گراں قدر اضافہ ہے بلکہ جوئیہ برادری کی خواتین کے لیے حوصلے، خوداعتمادی اور علمی ترقی کی ایک روشن مثال بھی ہے۔