بہاولپور میں نقشِ آگہی کی اشاعت پر پروقار عشائیہ

بہاولپور میں نقشِ آگہی کی اشاعت پر پروقار عشائیہ

سرزمین ادبی فورم پاکستان اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سماجی و سکاؤٹس تنظیم پاکستان سوشل ایسوسی ایشن بہاولپور کے زیراہتمام بہاول جم خانہ بہاولپور میں معروف مصنفہ شمائلہ سیف اللہ جوئیہ کی کتاب نقشِ آگہی کی اشاعت پر انکے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب میں وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ، پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ، سابق ایم این اے پروین مسعود بھٹی ، سابق ایم پی ایے فوزیہ ایوب قریشی ، ڈین فیکلٹی اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ، صدر ہائیکورٹ بار ثمینہ قریشی ایڈووکیٹ ، مسزعنبر تنصیر ، مسز نعمان حقی ، میڈم عذرہ شیخ ، پروفیسر ڈاکٹر قرة العین ، پروفیسر ڈاکٹر مزمل بھٹی ، ڈاکٹر گل رمشا ، سی ای او اُم القریٰ ایجوکیشن سسٹم میڈم زاہدہ منظور ، سی ای او جھوک ورثہ رباب طاہر ، وومن نائب صدر پاکستان سوشل ایسوسی ایشن بہاولپور اقصیٰ رشید نامور ادبی شخصیات، اہلِ قلم، سماجی رہنماؤں، تعلیمی حلقوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ”نقشِ آگہی“ ایک بامقصد، اصلاحی اور معاشرتی کتاب ہے، جس میں رشتوں، اخلاق، صبر، شکر، تدبیر و تقدیر، عورت، بچوں کی تربیت، بزرگوں کی عزت، خود شناسی اور مثبت طرزِ زندگی جیسے اہم موضوعات کو نہایت سادہ اور مؤثر انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں ایسی کتابوں کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے جو انسان کو اپنی ذات، اپنے گھر، اپنے رشتوں اور اپنے معاشرے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے کی دعوت دیں ۔ اس موقع پر مصنفہ شمائلہ سیف اللہ جوئیہ نے اپنے خطاب میں تمام مہمانانِ گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”نقشِ آگہی“ صرف ایک کتاب نہیں بلکہ ان احساسات، مشاہدات اور تجربات کا مجموعہ ہے جو زندگی، رشتوں اور معاشرتی رویّوں کو قریب سے دیکھنے کے بعد قلم بند کیے گئے۔ مصنفہ نے کہا کہ زندگی اپنی اصل میں بہت خوبصورت ہے، مگر اسے خوبصورت بنانے کے لیے انسان کو اپنے رویّوں، سوچ، الفاظ اور تعلقات پر محنت کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کتاب کسی ایک قاری کو بھی اپنے گھر، اپنے رشتوں یا اپنی ذات کے بارے میں بہتر سوچنے پر آمادہ کر دے تو یہ ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہو گی۔
شرکاء نے مصنفہ کی علمی، ادبی اور اصلاحی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”نقشِ آگہی“ بہاولپور کی ادبی روایت میں ایک خوبصورت اضافہ ہے۔ مختلف مقررین نے کتاب پر اپنے تاثرات پیش کیے اور اسے معاشرتی اصلاح، مثبت سوچ، اخلاقی تربیت اور خاندانی اقدار کے فروغ کے حوالے سے اہم کاوش قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر مصنفہ شمائلہ سیف اللہ جوئیہ کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی گئی ۔