ملتان سویل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن، رائٹرز فورم کے زیرِ اہتمام گلگشت، ملتان کے پذیرائی چائے خانہ میں معروف مصنفہ محترمہ شمائلہ سیف اللہ جوئیہ کی پہلی تصنیف “نقشِ آگہی” کی پروقار تقریبِ رونمائی و پذیرائی منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت معروف محقق، مصنف اور دانشور پروفیسر انور جمال نے کی۔
تقریب میں ڈاکٹر ہارون پاشا، ڈاکٹر صائمہ فردوس، امبر خیام، اکبر عام شہزاد صدیقی، یاسین خاوری، ڈاکٹر گلنوش پراچہ، شہناز نقوی، اے او طاہر، ڈاکٹر عامر جواد ملک اور تاج ایم ایچ تاج سمیت شہر کی معروف ادبی، علمی، سماجی اور ثقافتی شخصیات، شعراء، ادباء، دانشوروں اور اہلِ قلم نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ “نقشِ آگہی” ایک بامقصد، فکری اور معاشرتی کتاب ہے، جس میں انسانی زندگی، معاشرتی رویّوں، اخلاقی اقدار، رشتوں کی اہمیت، خود شناسی، مثبت سوچ اور سماجی شعور جیسے اہم موضوعات کو نہایت سادہ، مؤثر اور دلنشیں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
اس موقع پر مصنفہ محترمہ شمائلہ سیف اللہ جوئیہ نے تقریب کے مہمانانِ گرامی، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “نقشِ آگہی” ان کے مشاہدات، احساسات اور زندگی کے تجربات کا نچوڑ ہے، جسے انہوں نے معاشرے میں مثبت سوچ، اخلاقی اقدار اور فکری آگہی کو فروغ دینے کے جذبے کے تحت تحریر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کتاب کسی ایک قاری کی سوچ میں بھی مثبت تبدیلی پیدا کرنے میں کامیاب ہو جائے تو یہی ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے محترمہ شمائلہ سیف اللہ جوئیہ کو ان کی پہلی تصنیف “نقشِ آگہی” کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور اس کتاب کو اردو ادب میں ایک اہم اور قابلِ قدر اضافہ قرار دیتے ہوئے مصنفہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب علم و ادب سے محبت رکھنے والوں کے لیے ایک یادگار اور فکری نشست ثابت ہوئی۔







